سکیورٹی فورسز کا بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، تین دہشت گرد جہنم واصل

جمعرات 24 جولائی 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز 23 جولائی کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف ایک اہم آپریشن کیا، اطلاعات کے مطابق یہ دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھتے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد واصل جہنم ہو گئے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک بہادر افسر میجر زیاد سلیم اول جو اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، جام شہادت نوش کر گئے۔ ان کے ساتھ پاک دھرتی کے ایک اور سپوت سپاہی ناظم حسین نے بھی اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ 31 سالہ میجر زیاد سلیم اول کا تعلق ضلع خوشاب اور 22 سالہ سپاہی ناظم حسین کا تعلق ضلع جہلم سے ہے۔ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز مادر وطن سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔