گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سےقومی اسمبلی پاکستان کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے وفد کی ملاقات

جمعرات 24 جولائی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) قومی اسمبلی پاکستان کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم (وائی پی ایف) کے ایک وفد نے جمعرات کو صوبہ بلوچستان کے سرکاری دورے کے دوران گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت وائی پی ایف کی صدر سیدہ نوشین افتخار اور جنرل سیکریٹری نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کی۔

وفد میں اراکین قومی اسمبلی محمد سعد اللہ، محمد مقداد علی خان، راجہ اسامہ سرور، اختر بی بی، شائستہ خان اور محمد عثمان بادینی شامل تھے۔صدر وائی پی ایف سیدہ نوشین افتخار نے فورم کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ وائی پی ایف کا مقصد جمہوری عمل میں نوجوانوں کی شمولیت، شراکتی پالیسی سازی اور قومی سطح پر نوجوانوں کی موثر نمائندگی کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلوچستان میں خواتین کی بہتر نمائندگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا اور صنفی شمولیت کو فروغ دینا فورم کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ممبر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی ایم این اے نے تجویز دی کہ بلوچستان کی جامعات اور وائی پی ایف کے درمیان باضابطہ تعاون قائم کیا جائے تاکہ تعلیمی و قانون سازی اداروں کے مابین ایک پائیدار رابطہ استوار ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی شراکت داری پالیسی سازی کے اداروں اور بلوچستان کے نوجوانوں بالخصوص طلبہ و ابھرتے ہوئے قائدین کے مابین خلیج کو کم کرنے میں مددگار ہوگی۔اس پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے اس اقدام کو سراہا اور جامعات کے ساتھ رابطے کے تصور کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ بلوچستان میں 12 سرکاری جامعات موجود ہیں اور انہوں نے وائی پی ایف کے ساتھ اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

گورنر نے مزید کہا کہ موثر قانون سازی اور عوامی پالیسی کے لیے نوجوانوں کی آراء نہایت اہمیت رکھتی ہیں اور با معنی شرکت جامع ترقی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے وائی پی ایف کی غیرجانبدار اور ہم آہنگی پر مبنی کوششوں کو بھی سراہا جو نوجوان قانون سازوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کے لیے متحد کرتی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر قومی توجہ مبذول کروانے کے لیے فورم کے کردار کو قابل قدر قرار دیا۔

نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے گورنر کو آگاہ کیا کہ وائی پی ایف پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر اپنے چیپٹرز قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور بلوچستان کا یہ دورہ اس ضمن میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی قیادت میں پالیسی سازی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کا اختتام اس باہمی اتفاق رائے پر ہوا کہ نوجوانوں خصوصاً خواتین کو بااختیار بنانے اور بلوچستان میں جمہوری اقدار کو تعلیمی و سیاسی سطح پر فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔