الیکشن کمیشن کا رویہ جانبدارانہ ہے ، وہ مودی حکومت کے دبائو کے تحت کام کر رہا ہے، راہول گاندھی

جمعرات 24 جولائی 2025 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے ریاست بہار میں ووٹر فہرست کی متنازعہ خصوصی نظرثانی کے معاملے پر الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حزب اختلاف کے انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے ووٹر فہرست پر نظرثانی کے فیصلے کے خلاف تیسرے روز بھی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اپناحتجاج جاری رکھا ۔

احتجاج میں شامل اپوزیشن ارکان نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ انہوں نے پارلیمنٹ کے اندر بھی شدید ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔راہول گاندھی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ الیکشن کمیشن کا رویہ جانبدارانہ ہے اور وہ مودی حکومت کے دبائو میں کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کانگریس کے ریاست بہار کے انچارج کرشنا الاوارو نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار جھوٹے اور گمراہ کن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن24جون کے اعلان کردہ اپنے طریقہ کار پر عمل نہیں کررہا اور یہ پورا عمل آمریت پر مبنی ہے۔انہوں نے چیلنج کیا کہ بہار کی ہر اسمبلی حلقے سے ایک ہزارافراد کا انتخاب کر کے جانچ کی جائے اگرووٹر فہرست کا 25فیصد ڈیٹا بھی درست نکلا تو وہ پوری فہرست کو تسلیم کرنے پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن دستاویزات کا تقاضا کیا جا رہا ہے، وہ عام لوگوں کے پاس موجود ہی نہیں جس سے لاکھوں ووٹر متاثر ہو رہے ہیں۔