آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم گولڈن سٹی کا ہیڈ آفس، دھمیال روڈ نالہ کے کنارے اور اڈیالہ روڈ پر 10 پراپرٹیز سر بمہر کر دیں۔

جمعہ 25 جولائی 2025 04:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم گولڈن سٹی کا ہیڈ آفس، دھمیال روڈ نالہ کے کنارے واقع پانچ پراپرٹیز، اور موضع جراحی اڈیالہ روڈ پر پانچ دکانیں سر بمہر کر دیں ہیں۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق، گولڈن سٹی سکیم کا اسپانسر آر ڈی اے سے این او سی حاصل کیے بغیر سوشل میڈیا پر پلاٹوں کی غیر قانونی بکنگ اور اشتہارات میں ملوث تھاجو کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز و لینڈ سب ڈویژن رولز 2021 کی خلاف ورزی ہے۔

نوٹس کے باوجود اسپانسر نے آر ڈی اے کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، جس کے نتیجے میں یہ نفاذی کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ منصوبہ بندی کے ضوابط پر عملدرآمد آر ڈی اے کی اولین ترجیح ہے،ہم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمز، ناجائز تعمیرات اور غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر کارروائیاں جاری رکھیں گے،ایسی خلاف ورزیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہیں، جنہوں نے تجاوزات، غیر قانونی ترقی، اشتہارات اور تعمیرات کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت دے رکھی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے پہلے اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں اور غیر منظور شدہ منصوبوں سے اجتناب کریں۔ عوام الناس کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ منظور شدہ ہاؤسنگ سکیمز کی فہرست، تصدیق اور معلومات کے لیے آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk ملاحظہ کریں یا براہ راست آر ڈی اے سے رابطہ کریں۔