ایبٹ آباد، بزم علم و فن کے زیراہتمام ماہر تعلیم ڈاکٹر اشرف عدیل کے اعزاز میں فکری و ادبی تقریب

جمعہ 25 جولائی 2025 11:52

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) بزم علم و فن ہزارہ پاکستان کے زیراہتمام ماڈرن ایج بوائز کیمپس میں معروف ماہر تعلیم، دانشور اور شاعر ڈاکٹر اشرف عدیل کے اعزاز میں ایک پروقار فکری و ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر اشرف عدیل نے کہا کہ جب تک علم و ادب کو باہم مربوط نہیں کیا جاتا، ترقی اور انصاف ممکن نہیں، مغرب کی کامیابی کا بنیادی سبب علم و ادب کا ملاپ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "جو چیز ایک شخص کیلئے درست ہے، وہ سب کیلئے نہیں ہو سکتی، کائنات کی ہر شے قد و مَعیار کے مطابق بنائی گئی ہے، آرٹ زندگی کا صرف ایک رنگ نہیں بلکہ ایک مکمل زاویہ نگاہ ہے جسے فنکار پیش کرتا ہے، ہر شے کو اس کے مقام پر رکھنا اور لوگوں کو خوشی دینا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل میڈیا، اساتذہ اور طلبہ کو اس علمیاتی شعور کی ترویج میں کلیدی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر عامر سہیل نے نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے۔ تقریب میں علمی و ادبی حلقوں سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی جن میں محمد اقبال قریشی، خالد مسعود تنولی، پروفیسر محمد فاروق، خالد وحید قریشی، میجر (ر) امان اﷲ امان، ناز الٰہی ایڈووکیٹ، امتیازالحق امتیاز، ضیاءشاہد، اور دیگر شامل تھے۔ بزم علم و فن کے بانی واحد سراج نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”افراتفری سے نکلنے کا وقت آن پہنچا ہے، کسی بھی شے کو بے مصرف قرار دے دینا بھی ایک طرح کا قتل ہے“۔

ہم سائنس و ٹیکنالوجی میں بہت پیچھے ہیں اور ہماری منزل ابھی بہت دور ہے مگر شعور و آگہی کے ذریعہ ہم اس منزل کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے مہمان خصوصی ڈاکٹر اشرف عدیل کی علمی و ادبی خدمات کو سراہا اور تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوسرے حصہ میں ایک خوبصورت مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی شعراءنے اپنا منتخب کلام پیش کیا۔