گلگت بلتستان میں سیلابی تباہ کاریاں، 9 افراد جاں بحق، 12 لاپتہ، 500 سے زائد مکانات منہدم،ترجمان صوبائی حکومت

جمعہ 25 جولائی 2025 17:24

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی تباہی سے 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد 10 سے 12 ہو سکتی ہے، جبکہ درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔سیلاب کے باعث 500 سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جب کہ 12 کلومیٹر سے زائد سڑکیں بہہ گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق 27 پل اور 22 گاڑیاں بھی ریلوں کی نذر ہو چکی ہیں۔ متعدد دکانیں، مویشی خانے اور ہزاروں فٹ عمارتی لکڑی بھی تباہ ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ضلع دیامر میں ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق پانی کے بہاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سرچ و ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم امدادی کارروائیاں اور پانی و بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ اب تک 300 سے زائد سیاحوں اور مسافروں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں پاک فوج، جی بی اسکاؤٹس اور دیگر اداروں نے بھرپور حصہ لیا ہے، جب کہ فیری میڈوز اور سکردو سے متعدد سیاحوں کو ایوی ایشن کے ذریعے اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔شاہراہ بابوسر، چلاس، گلگت اور سکردو میں سرچ اور سیاحوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اداروں کے تعاون سے عوام کو اس بحران سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔