سردار اختر جان مینگل کو بیرون ملک جانے سے روکنا قابل مذمت، یہ ان کا آئینی و قانونی حق ہے، حافظ منیر حسین احمد

جمعہ 25 جولائی 2025 23:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما حافظ منیر حسین احمد نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے بنیادی انسانی اور آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔جامعہ مطلع العلوم میں بی این پی کے مرکزی رہنما چیئرمین عبدالواحد بلوچ سے ملاقات کے دوران حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ سردار اختر مینگل ایک باوقار سیاسی رہنما، سابق وزیراعلیٰ اور ملکی سیاست میں اہم مقام رکھنے والی شخصیت ہیں، جنہیں بیرون ملک جانے سے روکنا ایک غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری، بالخصوص ایک منتخب عوامی نمائندے کو سفر کی آزادی حاصل ہے، اور اس حق سے محروم کرنا نہ صرف آئینی اقدار کی تضحیک ہے بلکہ سیاسی انتقام کی بو بھی دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں، یہاں قانون اور آئین کی حکمرانی ہونی چاہیے، جہاں کسی کے بنیادی حقوق پامال نہ کیے جائیں، انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ سردار اختر مینگل کو فوراً بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے اور اس غیر آئینی پابندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

حافظ منیر نے واضح کیا کہ اگر سیاسی رہنماؤں کو اس طرح دیوار سے لگایا جاتا رہا تو نہ صرف جمہوریت کو نقصان ہوگا بلکہ ملک میں سیاسی انتشار کو بھی ہوا ملے گی۔ سردار اختر مینگل سمیت بلوچستان کے دیگر قائدین کا نام ای سی ایل سے فوری طور پر نکالا جائے۔ کسی بھی شہری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا آئینی اصولوں سے انحراف ہے، جس سے قومی یکجہتی کو نقصان اور معاشرتی خلفشار کو تقویت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم قانون کی بالادستی، شہری آزادیوں اور باہمی احترام کو یقینی بنائیں، تاکہ پاکستان ایک مہذب، مضبوط اور جمہوری ریاست کے طور پر ترقی کرے۔