پنجاب اورسندھ کے 782ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ

ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیورز سے حلف لیا اور مہمان خصوصی نے بہتر کارکردگی کے حامل ریسکیورز کو اعزازات سے نوازا

جمعہ 25 جولائی 2025 20:45

�اہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ٹریننگ مکمل کرنے والے پنجاب اور سندھ کے 782 ریسکیورز سے حلف لیا اور انہیں بنیادی ریسکیو تربیت کامیابی سے مکمل کرنے اور زندگیاں بچانے والی ایمرجنسی سروس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کی کامیاب تکمیل کے بعد اب یہ ریسکیورزنہ صرف پنجاب بلکہ صوبہ سندھ کے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورزبھی اپنے صوبے میں ایمرجنسی سروسز دیتے ہوئے عوام الناس کو احساس تحفظ فراہم کریں گے۔

پنجاب اور سندھ کے لیے تربیت یافتہ ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے محکمہ ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں قونصل جنرل چائنا، مسٹر ژاؤ شیرن، قونصل جنرل ترکیہ مسٹر درمس باستگ، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز، ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کے سینئر افسران سمیت بڑی تعداد میں ریسکیورز اور پاسنگ آؤٹ ہونے والے ریسکیورز کی فیملیز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز، ان کے خاندانوں اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ میں چین اور ترکیہ سے معزز مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی موجودگی ایمرجنسی سسٹمز، تربیت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مضبوط دو طرفہ تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔

ان کا تعاون مؤثر و قابلِ اعتماد دوستوں جیسا ہے جوہر دور میں ہمیشہ مفید ثابت ہوا ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے کئی عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں جن میں ایئر ایمبولینس سروس، موٹر وے ایمبولینس سروس، پاک لائف سیور پروگرام، ریسکیو اسکاؤٹس کی تربیت، پنجاب کی تمام یونین کونسلز میں کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز کی تشکیل اور 56 نئے شہروں میں ایمرجنسی سروسز کی توسیع شامل ہے۔

پنجاب ایمرجنسی سروس نے اپنے آغاز سے اب تک جہاں 1 کروڑ 78 لاکھ متاثرین کو ریسکیو کیا ہے وہیں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث مخدوش سیلابی اور نشیبی علاقوں سے 1500 سے زائد لوگوں کو فوری ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک عظیم منصوبے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جو دور دراز علاقوں کے مریضوں کیلئے امید کی کرن بن چکی ہے جس نے اب تک بہاولنگر اور بہاولپور سے 180 شدید علیل مریضوں کو بہتر علاج کے لیے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا ہے اس کے علاوہ موٹروے ایمبولینس سروس پنجاب کی تمام موٹرویز پر ایمرجنسی متاثرین کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

مجھے اس بات پر فخر ہے کہ پنجاب ایمرجنسی سروس اپنے دامن میں 27 شہداء کا خوبصورت اثاثہ بھی رکھتی ہے جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ایمرجنسی کے شکار مریضوں کے تحفظ کے لیے ریسکیورز اپنی جانوں کو قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ابھی پچھلے ہفتے کی بات ہے کہ ریسکیو کے 2 شیر دل جوان ریسکیور محمد شعیب اور سید ناظم حسین نے زندگیاں بچانے کے اس مشن میں اپنی جان، جان آفریں کے سپرد کی، سلام ہے ان شہیدوں پر اور سیلوٹ ہے ان ماؤں کو جنہوں نے اپنے لغت جگر اس عظیم مشن کے لیے قربان کئے۔

وطن ِ عزیز ایسے سپوتوں کی قربانیوں کے صدقے ہی وجود میں آیا اور انشاء اللہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں پنجاب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 782 پیشہ ورانہ ٹریننگ حاصل کرنے والے ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں موجود ہوں۔ میں پیشہ ورانہ ٹریننگ حاصل کرکے حادثات و سانحات نے نمٹنے اور زندگیاں بچانے والے عظیم مشن کا حصہ بننے پر ریسکیورز کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یہ تقریب نہ صرف ٹریننگ کے اختتام کی علامت ہے بلکہ خدمتِ انسانیت کے ایک پُرعزم سفر کے آغاز کا اعلان بھی ہے۔ میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی کارکردگی کو سراہتا ہوں جس کا معیار بہترین اداروں کے ہم پلہ ہے۔ میں آفات سے نمٹنے اور ایمرجنسی رسپانس کے شعبے میں چین اور پاکستان کی مضبوط شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ آئیں ہم اس باہمی تعاون کو مزید مضبوط کریں، استعدادِ کار میں اضافہ کریں اور ایک محفوظ و مستحکم مستقبل کے لیے مل کر کام کریں۔

ترکیہ کے قونصل جنرل،درمس باستگ نے پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے باعثِ مسرت ہے کہ میں آج ایک بار پھر ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں موجود ہوں جس نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں جنوبی ایشاء میں سب سے پہلے اقوام متحدہ سرٹیفیکیشن کا اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اورانسانیت کی خدمت کا جذبہ قابلِ ستائش ہے۔ میں 2023کے ترکیہ زلزلہ میں پاکستان ریسکیو ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ صرف جان بچانے والے نہیں بلکہ حادثات کے شکار لوگوں کے لیے امید کی کرن ہیں، آپ کا کردار اس ادارے کی شناخت بنے گا۔ قونصل جنرل ترکیہ نے حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ایئر ایمبولینس اور موٹر وے ایمبولینس سروس جیسے اقدامات کو بھی سراہا۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز کے قیام سے لے کر اقوام متحدہ سے انسراگ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے اور ترکیہ زلزلے میں ریسپانس تک کے سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ 2024 میں پاکستان نے اقوام متحدہ انسراگ، ایشیا پیسیفک کی صدارت کی جو پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اکتوبر 2004 سے اب تک ایمرجنسی سروسز نے 1 کروڑ 78 لاکھ سے زائد متاثرین کو ریسکیو کیا، 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ سے 740 ارب روپے کے نقصانات کو بچایا۔

موٹربائیک ریسکیو سروس نے 35 لاکھ سے زائد ایمرجنسی کیسز میں اوسطاً 4 منٹ میں ریسپانس سے ریسکیو سروسز فراہم کیں۔اس سے قبل، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کیا، جس میں گہرے کنویں سے ریسکیو، پانی میں ریسکیو، آگ بجھانے، اربن سرچ اینڈ ریسکیو، تنگ جگہوں سے ریسکیو اور بلندی سے ریسکیو کی عملی مشقیں شامل تھیں، آسٹریلن ریپلینگ کے دوران ترکیہ، چائنا اور پاکستانی مندوبین نے سبز ہلالی پرچم ہوا میں لہرا کے تینوں ملکوں کی دوستی کا عملی مظاہرہ کیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے بہترین کارکردگی کے حامل ریسکیورز کو اعزازات سے نوازا۔