بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوجی ہلاک، جے سی او سمیت دو اہلکار زخمی

جمعہ 25 جولائی 2025 21:30

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے ضلع پونچھ میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ جونیر کمشینڈ افسر(جے سی او) سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکہ پونچھ کے علاقے کرشنا گھاٹی میں ہوا ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ”ایکس“ پر لکھا کہ کرشنا گھاٹی علاقے میں للت کمار نامی اہلکار گشت کے دوران بارودی سرنگ کی زد میں آنے کے باعث ہلاک جبکہ ایک جے سی او سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ہلاک ہونے والا اہلکار مودی حکومت کی طرف سے متعارف کی گئی متنازعہ ”اگنی ویر“ سکیم کے تحت بھرتی ہوا تھا۔ یہ سکیم مودی حکومت نے جون 2022 میں متعارف کرائی ۔ اسکے کے تحت 17 سے 21 سال کے بھارتی نوجوانوں کو صرف4 سالوں کے لیے فوج میں بھرتی کیا جاتا ہے۔اس اسکیم کے حوالے سے بھارتی نوجوان مایوسی کا شکار ہیں۔