اولمپک ہائوس لاہور میں نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایکشن کی افتتاحی تقریب

پاکستان کے 30کلبز کے کوچز ،کھلاڑیوں کی شرکت ،دوسرے صوبوں کے کوچز اور کھلاڑیوں کی آن لائن شرکت

ہفتہ 26 جولائی 2025 14:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء) اولمپک ہائوس لاہور میں نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایکشن کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کے 30کلبز کے کوچز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی جبکہ دوسرے صوبوں سندھ، بلوچستان، کے پی کے ، کے کوچز اور کھلاڑیوں نے آن لائن شرکت کی اور اس بات کو یقینی بنایا اور عہد کیا کے ویٹ لفٹنگ میں ڈوپنگ کے رجحان کو ختم کر کے ایک صاف ستھری ویٹ لفٹنگ کو فروغ دینگے۔

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر جبران بن سلمان نے افتتاحی تقریر میں ڈوپنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس پر عمل کرتے ہیں وہ دوسرے کھلاڑیوں کی حق تلفی کرتے ہیں اس لیے دنیاو آخرت میں کامیاب ہونے کیلئے اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔اس تقریب میں ڈوپنگ کے حوالے سے اس کے نقصانات کے پہلوں کو اجاگر کیا گیا اور باقاعدہ طور پر 5سے 6ماہ کا پروگرام ہے جس میں پاکستان بھر کے 30رجسٹرڈ کلبز میں جہاں جہاں ویٹ لفٹنگ کھیلی جاتی ہے کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے حوالے سے آگاہی اور رہنمائی دی جائے گی اور ہر مقابلے میں ڈوپنگ ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس تقریب کے اختتام پر جنرل سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود نے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے اس اقدام کی حوصلہ افزائی کی اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف سے سپورٹ کا اعلان کیا۔