میٹا کا یورپی یونین میں سیاسی اشتہارات بند کرنے کا اعلان

بڑی ٹیک کمپنیاں سیاسی اشتہارات پر واضح لیبل لگانے کی پابند ہوں گی، بیان

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:37

میٹا کا یورپی یونین میں سیاسی اشتہارات بند کرنے کا اعلان
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)امریکی سوشل میڈیا کمپنی میٹا پلیٹ فارمز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اکتوبر کے آغاز سے یورپی یونین میں اپنے پلیٹ فارمز پر سیاسی، انتخابی اور سماجی مسائل سے متعلق اشتہارات بند کر دے گی۔ کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ یورپی یونین کے نئے قوانین سے پیدا ہونے والی قانونی غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا ہے،یورپی یونین کا نیا قانون ٹرانسپیرنسی اینڈ ٹارگٹنگ آف پولیٹیکل ایڈورٹائزنگ 10 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا، یہ قانون 27 رکنی یورپی بلاک میں انتخابات میں غلط معلومات اور بیرونی مداخلت پر خدشات کے باعث متعارف کیا گیا ہے۔

قانون کے مطابق بڑی ٹیک کمپنیاں سیاسی اشتہارات پر واضح لیبل لگانے کی پابند ہوں گی جس میں یہ بتایا جائے گا کہ یہ اشتہار کس نے دیا، اس پر کتنی رقم خرچ ہوئی اور یہ کون سے انتخابات کیلئے ہے، ان ضوابط کی خلاف ورزی پر کمپنیوں کو سالانہ آمدنی کا 6 فیصد تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

میٹا نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہاکہ اکتوبر 2025 کے آغاز سے ہم یورپی یونین میں اپنے پلیٹ فارمز پر سیاسی، انتخابی اور سماجی مسائل سے متعلق اشتہارات کی اجازت نہیں دیں گے، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن ہم نے یہ یورپی یونین کے نئے ضابطے (ٹی ٹی پی اے ) کے جواب میں کیا ہے جو نہایت پیچیدہ عملی مسائل اور قانونی غیر یقینی صورتحال پیدا کرتا ہے۔

میٹا نے مزید کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ذاتی نوعیت کے اشتہارات مختلف اقسام کے مشتہرین کے لیے بہت اہم ہیں خاص طور پر ان کے لیے جو ووٹرز کو اہم سماجی مسائل سے آگاہ کرنے کے لیے مہمات چلاتے ہیں لیکن ایسے ضوابط ہماری ان خدمات کی فراہمی کی صلاحیت کو محدود کر دیتے ہیں جس سے نہ صرف اشتہارات کی مثریت متاثر ہوتی ہے بلکہ ووٹرز کے لیے معلومات تک رسائی بھی کم ہو جاتی ہے۔یاد رہے کہ یورپی کمیشن پہلے ہی میٹا کے پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا وہ 2024 کے یورپی پارلیمانی انتخابات سے قبل جھوٹے مواد اور گمراہ کن اشتہارات کو روکنے میں ناکام رہے۔