ملک بھر میں 5.78ارب روپے کی بجلی چوری، پشاور، حیدرآباد اور لاہور سرفہرست

بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں محکمانہ اور قانونی کارروائی میں ناکام رہیں‘آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:55

ملک بھر میں 5.78ارب روپے کی بجلی چوری، پشاور، حیدرآباد اور لاہور سرفہرست
اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء) ملک بھر میں 2سال کے دوران 5ارب 78کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق پشاور، حیدرآباد اور لاہور ریجن بجلی چوری میں سب سے آگے رہے، اسلام آباد میں بھی 7کروڑ 46لاکھ روپے کی بجلی چوری ہوئی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں محکمانہ اور قانونی کارروائی میں ناکام رہیں۔

آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر میں دو سال کے دوران 5ارب 78کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری کی گئی، 2لاکھ 62ہزار 740صارفین بجلی چوری میں ملوث نکلے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بجلی چوری میں پشاور، حیدرآباد اور لاہور ریجن سب سے آگے رہے جبکہ اسلام آباد بھی بجلی چوری کرنیوالے سرفہرست شہروں میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی چوری ڈائریکٹ کنکشن، کنڈے، میٹر ٹیمپرنگ اور جعلی میٹرز کے ذریعے کی گئی، بجلی چوری سال 2022-23 اور 2023-24 کے دوران 9ریجنز میں ہوئی۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پشاور الیکٹرک کمپنی میں ایک ارب 84کروڑ روپے کی بجلی چوری کی گئی، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ایک ارب 61کروڑ کی بجلی چوری ہوئی جبکہ لاہور الیکٹرک کمپنی میں 2 سال میں ایک ارب 35 کروڑ کی بجلی چوری کی گئی۔آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں محکمانہ اور قانونی کارروائی میں ناکام رہیں، کمپنیوں نے چوری میں ملوث افراد سے واجبات کی وصولی کی یقین دہانی کرادی۔

رپورٹ کے مطابق بجلی چوری کرنے والے دیگر شہروں میں فیصل آباد میں 56کروڑ، ملتان میں 16کروڑ 20لاکھ کی بجلی چوری ہوئی، کوئٹہ ریجن میں 12کروڑ 86لاکھ روپے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7کروڑ 46لاکھ روپے کی بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکھر ریجن میں ایک کروڑ 57لاکھ جبکہ خیبرپختونخوا کے سابق قبائلی علاقوں میں ایک کروڑ 32لاکھ کی بجلی چوری کی گئی۔