عوام کیلئے الیکٹرک بائیکس، رکشے اور لوڈر فراہمی کی نئی سکیم متعارف

سکیم کے ذریعے ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس، 3 ہزار 170 رکشے اور لوڈرز شہریوں کو فراہم کرنے کا ہدف مقرر، ای بائیکس کا قرض 2 سال اور ای رکشہ قرض 3 سال کے لیے ہوگا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 ستمبر 2025 16:21

عوام کیلئے الیکٹرک بائیکس، رکشے اور لوڈر فراہمی کی نئی سکیم متعارف
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2025ء ) عوام کیلئے الیکٹرک بائیکس، رکشے اور لوڈر فراہمی کی نئی سکیم متعارف کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شہریوں کو الیکٹرک موٹرسائیکل، رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کے لیے سکیم متعارف کرائی گئی ہے، سکیم کے تحت عوام کو 2 مرحلوں میں گاڑیاں دی جائیں گی، سکیم کے ذریعے ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس، 3 ہزار 170 رکشے اور لوڈرز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 40 ہزار ای بائیکس، ایک ہزار ای رکشے اورلوڈرز فراہم کیے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں 76 ہزار ای بائیکس، 2 ہزار 171 ہزار رکشے اورلوڈرز دیئے جائیں گے، ای بائیکس کے لیے 2 لاکھ روپے قرض دیا جائے گا، الیکٹرک رکشےاور لوڈرز کے لیے 8 لاکھ 80 ہزار روپے تک کا قرض دیا جائے گا، ای بائیکس کا قرض 2 سال اور ای رکشہ قرض 3 سال کے لیے ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ قرض کی پرائسنگ اسلامی اور روایتی بینک، کائیبور پلس 2.75 فیصد پر ہوگی، صارف کو قرض صفر فیصد مارک اپ پر ملے گا، اس سکیم کے ذریعے فراہم کی جانے والی موٹرسائیکلوں میں 25 فیصد ای بائیکس خواتین کو مہیا کی جائیں گی، 10 فیصد ای بائیکس کاروبار کرنے والے افراد اور کوریئرز کو دینے کا ہدف ہے، فلیٹ آپریٹرز کو 30 فیصد رکشے اور لوڈرز دیئے جائیں گے۔

دوسری طرف سندھ حکومت نے خواتین کے لیے مفت الیکٹرک سکوٹی سکیم کے لیے اہلیت کے معیار اور درخواست دینے کے عمل کا اعلان کردیا، اس اقدام کا مقصد صوبے میں خواتین کو درپیش مشکلات میں کمی لانا اور انہیں بااختیار بنانا ہے، سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کا سندھ کا مستقل شہری اور اسٹوڈنٹ یا ملازمت پیشہ خاتون ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، درخواست گزار کے پاس مصدقہ ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ضروری ہے ، قرعہ اندازی کے ذریعے سکوٹی ملنے پر 7 سال تک اسے فروخت نہ کرنے کی پابند ی ہوگی۔

بتایا جارہا ہے کہ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے خواتین کو سڑک کی حفاظت کے لیے مہارت کا امتحان دینا ہوگا، ای وی سکوٹیز کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی، قرعہ اندازی کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں ایکسائز، ٹرانسپورٹ، فنانس ڈیپارٹمنٹس اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوں گے، درخواست دینے کے لیے آفیشل ویب سائٹ پر جائیں اور درخواست فارم’’پر کلک کریں، مطلوبہ دستاویزات منسلک کریں اور جمع کرائیں۔