آزاد کشمیر میں کرپٹو پالیسی پر عملدرآمد کا عندیہ، نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع پیدا ہوں گے

ہفتہ 26 جولائی 2025 17:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) آزاد کشمیر کے وزراء نے حکومت پاکستان کی جانب سے کرپٹو پالیسی کے مکمل نفاذ کے بعد آزاد کشمیر میں بھی اس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا عندیہ دیا ہے تاکہ خطے کے نوجوانوں کو جدید مالیاتی دنیا میں قدم رکھنے اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔یہ بات دارالحکومت مظفرآباد کے معروف تعلیمی ادارے مون کری ایشنز سکول آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں منعقدہ کرپٹو کرنسی سیمینار کے دوران وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم اور وزیر جنگلات اکمل حسین سرگالہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

سیمینار میں وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی، سابق صدر سینٹرل پریس کلب سہیل مغل اور دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب میں وزراء کا کہنا تھا کہ کرپٹو کرنسی کو شفاف قانونی دائرے میں لا کر نوجوانوں کیلئے سرمایہ کاری، فری لانسنگ اور آن لائن ارننگ جیسے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور جدید ڈیجیٹل معیشت کا فعال حصہ بننے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر سی ای او مون کری ایشنز سکول آف انفارمیشن ٹیکنالوجی صلاح الدین شاہ نے ادارے کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں پہلی بار کرپٹو کرنسی کی باقاعدہ کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔کرپٹو ماہرین شبر علی کیانی اور آصف رضا میر نے شرکاء کو کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی، اس کے فوائد، عالمی رجحانات اور ممکنہ خطرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ماہرین نے زور دیا کہ مکمل تربیت اور سمجھ بوجھ کے بعد ہی سرمایہ کاری کی جائے تاکہ محفوظ مالی مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔تقریب کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلبہ، تاجروں اور مالیاتی ماہرین نے کرپٹو سے متعلق خدشات اور تجاویز پیش کیں۔ وزراء نے یقین دہانی کرائی کہ شرکاء کی آراء کو وفاقی حکومت تک پہنچایا جائے گا تاکہ پالیسی سازی میں نوجوانوں کی آواز شامل کی جا سکے۔