گوجرانوالہ ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی علی پور چھٹہ آمد

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:52

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی علی پور چھٹہ آمد ہوئی۔ تحصیل علی پور چھٹہ میں پٹرول ایجنسی کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء میں مالی امداد کی رقم کی تقریب تقسیم کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی و رکن پنجاب اسمبلی عدنان افضل چھٹہ، ڈپٹی کمشنر گجرانوالہ، اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد، چیئرمین حضرات و دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ جاں بحق افراد کے ورثاء میں 90 لاکھ روپے کی امدادی رقم تقسیم کی گئی۔ ہر وارث کو دس دس لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ تحصیل علی پور چھٹہ میں پٹرول ایجنسی کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ہر شعبہ کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یہاں حاضر ہوئے ہیں۔ حکومت پنجاب اس قسم کے افسوسناک حادثات کے تدارک کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے۔\378