وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان میں زمبابوے کے سفیر کی ملاقات

ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 26 جولائی 2025 23:02

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان میں زمبابوے کے سفیر کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان میں زمبابوے کے سفیر مسٹر ٹائٹس ایم جے ابو باستو نے وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وزیراعلی سندھ کے سیکریٹری عبدالرحیم شیخ، کراچی میں زمبابوے کے اعزازی قونصل جنرل سید مظہر ناصر، ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹر ویبسٹر اور پاکستان زمبابوے بزنس کونسل کے نمائندے سید اظہر علی بھی شریک۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں خصوصا تجارت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور صنعتی ترقی کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔زمبابوے سفیر نے زمبابوے کی فضائیہ کے اہلکاروں کی تربیت میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی اور زمبابوے کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں سے تجارت اور عوام کے درمیان قربت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس وقت پاکستان سے زمبابوے کو ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات برآمد کی جا رہی ہیں تاہم اس دائرہ کار کو وسعت دینے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 1995 کے بعد سے کوئی خاطر خواہ تجارت نہیں ہوپائی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ تعلیم، آئی ٹی، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اور فوڈ ایکسپورٹ کے شعبوں میں تعاون سے اقتصادی تعلقات بحال کیے جاسکتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے سیاحت اور زرعی ترقی میں تعاون کے امکانات پرزور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اور زمبابوے مل کر کام کریں تو دونوں کو فائدہ ہوگا۔مرادعلی شاہ نے پاکستان زمبابوے سرمایہ کاری کانفرنس کی میزبانی کی تجویز پیش کی، جس کا انعقاد ویڈیو لنک کے ذریعے کیا جا سکتا ہے تاکہ تجارت، سیاحت اور ثقافتی تبادلے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے دونوں اطراف کے اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کیا جا سکے۔

وزیر اعلی سندھ نے محکمہ سرمایہ کاری اور محکمہ ثقافت و سیاحت کو ہدایت کی کہ وہ زمبابوے کے سفارت خانے کے ساتھ باضابطہ کوآرڈینیشن شروع کریں تاکہ ایونٹ کی منصوبہ بندی کی جائے اور تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی وضاحت کی جائے۔سفیر ابو باستو نے زمبابوے کی سندھ کے ساتھ زراعت اور سیاحت پر کام کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ، تعلیم اور آئی ٹی میں تعاون بڑھانے کی تجویز بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی چائے پاکستانی مارکیٹ کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتی ہے۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریق مشترکہ طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کریں گے۔ صوبائی وزرا اور زمبابوے کے سفارتخانے کے حکام سے بھی آئندہ ورچوئل کانفرنس کے دوران سفارشات پیش کرنے کی توقع ہے۔