پختون یار خان کا بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان میں جاری بجلی بندش پر فوری نوٹس ، پیسکو چیف سے رابطہ ،عوامی مشکلات سے آگاہ کیا

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان میں جاری بجلی بندش پر فوری نوٹس لیتے ہوئے پیسکو چیف سے رابطہ کیا اور عوام کو درپیش شدید مشکلات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور چیف سیکرٹری سے بھی رابطہ کر کے تفصیلی بریفنگ دی اور صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کسی سیاسی مفاد سے بالاتر ہے، اور صوبائی حکومت کو عوام کی تکالیف کا مکمل ادراک ہے ،اس سلسلے میں وفاقی اداروں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ بجلی کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر بحال کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ ٹاورز کی مرمت کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں تاہم علاقے میں پانی جمع ہونے کے باعث کچھ تکنیکی مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرمتی کام میں پیش رفت کیلئے میانوالی ضلع کی ضلعی انتظامیہ سے بھی رابطہ ہو چکا ہے تاکہ بین الاضلاعی تعاون سے مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے اور بہت جلد بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔