خوارجی دہشت گردوں کے خلاف غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر خوارجی دہشت گردوں کے خلاف غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر افسران و اہلکاروں کی کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی گئی۔

آئی جی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے 42 افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے نوازا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں جھنگی، لاکھانی پولیس چیک پوسٹوں، تھانہ وہوا پر تعینات پولیس، ایس او یو اور ایلیٹ فورس کے جوان شامل ہیں۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ افسران و اہلکاروں نے بستی لاکھانی، دولت والا اور کوٹ مبارک کے علاقوں میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب ہائی رسک آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 خطرناک دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا، متعدد زخمی ہوئے، جدید اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا تھا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں 4 سب انسپکٹرز، 2 اے ایس آئیز، 12 ہیڈ کانسٹیبلز، 23 کانسٹیبلز اور 1 ڈرائیور کانسٹیبل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، سکیورٹی اداروں اور شہریوں کے تعاون سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دیں گے۔