وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھیجنے کی سہولت اسکیم جاری رکھنےکا فیصلہ

اوورسیز پاکستانیوں نے 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں، 14 برس میں پہلی بارترسیلات زر نے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 جولائی 2025 22:03

وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھیجنے کی سہولت اسکیم ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 26 جولائی 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھیجنے کی سہولت اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرخزانہ کو ترجیحی بنیادوں پر ترسیلات زر سہولت اسکیم کیلئے فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہماری طاقت اور قیمتی اثاثہ ہیں، ترسیلات زر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اوورسیز پاکستانیوں نے 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں۔ 14 برس میں پہلی بارترسیلات زر نے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان ترسیلات زر سے ناصرف بڑھتے ہوئے درآمدی بل کی ادائیگی بلکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافے میں بھی معاونت ملی۔

(جاری ہے)

ترسیلات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے نظام مئوثر او رآسان بنا رہے ہیں۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جدید اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری دیتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایات جاری کردیں، وزیراعظم شہباز کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد چیمہ، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر، مشرف زیدی سمیت معاشی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایف بی آر ڈیٹا کو ایک مرکزی نظام سے جوڑنے اور پوری ویلیو چین کی ریئل ٹائم نگرانی کیلئے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی جاری اصلاحات کے باعث معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے صرف نظام کو ڈیجیٹل بنانا کافی نہیں بلکہ ایک مکمل ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے تاکہ نظام مؤثر، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خام مال کی تیاری، درآمد، مصنوعات کی تیاری اور آخر میں صارف تک خریداری کے تمام مراحل کو ایک مربوط ڈیجیٹل سسٹم سے جوڑا جائے۔