عالمی برادری جعلی مقابلے میں کشمیری نوجوان کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لے،مشعال ملک

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور سینئر کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک اور جعلی مقابلے میں 21سالہ محمد پرویز کا بہیمانہ قتل کیا گیا،عالمی برادری اس نوجوان کے قتل کا نوٹس لے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیری نوجوانوں کا خون بہا کر علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم کر رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چاہے کوئی کھلاڑی ہو یا ڈاکٹر یا کسی دوسرے شعبے سے تعلق رکھنے والا کشمیری ہرایک کو بھارتی مظالم کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔مشعال ملک نے کہاکہ بھارتی فورسز دہشت گردی کے نام پر اندھا دھند طریقے سے کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ جعلی مقابلے میں کشمیری نوجوان کے قتل کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ جعلی مقابلوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانا بھارتی حکومت کی حکمت عملی ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زوردیاکہ وہ کشمیریوں کے قاتلوں کو سزا دلائیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کھلاڑی، طالبعلم یا عام شہری کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔