پاک ، امریکہ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے مثبت پیشرفت خوش آئند ہے ‘ عاشق علی رانا

مینو فیکچررز ،ایکسپورٹرز کو سہولیات ،مالی معاونت ملنی چاہیے ‘اسحاق بریار/سیمینار سے خطاب

اتوار 27 جولائی 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)ماہر ٹیکس و معاشیات ،صدر انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن پنجاب چیپٹر عاشق علی رانا ،سیکرٹری جنرل اسحاق بریار،سینئر نائب صدر ملک جلیل اعوان،فنانس سیکرٹری شیخ عدیل،نائب صدور سید عدیل حیدر،زاہد رسول گورائیہ ،اعجاز علی اور دیگر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے مثبت پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایک بڑی منڈی ہے اور معاہدے کی تکمیل سے پاکستانی برآمدات اورمعیشت کو سہارا ملے گا،حکومت برآمدات میں اضافے کی دعویدار ہے لیکن اس کے لئے کوئی واضح پالیسی نہیں بلکہ ایکسپورٹرز کو کئی طرح کے ٹیکسز میں الجھا دیاگیا ہے ۔

’’پاکستانی برآمدات کیلئے مواقع ،تحفظات اور ٹیکسز کا بوجھ ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان میں مہنگے یوٹیلٹی بلز ،ٹیکسز کی تعداد اور شرح اتنی زیادہ ہے کہ ہمارا ایکسپورٹر عالمی منڈیوں میں مقابلے کی دوڑ میں شامل نہیں رہ سکتا ۔

(جاری ہے)

بھارت اپنے ایکسپورٹرز کو بے پناہ ریلیف اور فریٹ پرسبسڈی دے رہا ہے جبکہ پاکستان میں سب کچھ اس کے برعکس ہے ۔

پاکستان کی برآمد ات کو’’ اڑان پاکستان ‘‘ پروگرام میں کلیدی حیثیت دی گئی ہے لیکن بد قسمتی سے ایکسپورٹرز کو وہ سہولیات نہیں دی گئیں جس سے حکومتی دعوئوں کی تکمیل ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹس کرے ، نئی منڈیاں تلاش کی جائیں اس کے لئے مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرز کو سہولیات اور مالی معاونت ملنی چاہیے ، سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کیا جائے ۔