لاہور میں عالمی نمائش میں مختلف ممالک سے 100سے زائد خریداروں کی آمد متوقع ہے، پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن

اتوار 27 جولائی 2025 13:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے)کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں لاہور میں منعقدہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش میں امریکہ،یورپ، روس، اٹلی اور ترکیہ سمیت مختلف ممالک سے 100سے زائد غیر ملکی خریداروں کی آمد کا قوی امکان ہے ،روایتی حریف بھارت بھی نمائش کا انعقاد کر رہا ہے جس کے پیش نظر ہمیں اپنے طور پر غیر معمولی محنت کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں کا بھی بھرپور تعاون درکار ہوگا،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے منظوری ملتے ہی غیر ملکی خریداروں کو پاکستان آمد کیلئے پیکج کی پیشکش کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عالمی نمائش کے چیئرمین ریاض احمد نے تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ شرکاء نے بھارت کی جانب سے نمائش کے انعقاد کے اعلان پربہترین تیاریوں کے ذریعے پاکستان کی عالمی نمائش کی کامیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ۔جائزہ اجلاس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، سینئر وائس چیئرمین زاہد نذیر ،کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان ،سینئر مرکزی رہنما عثمان اشرف، میجر (ر) اختر نذیر، سعید خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سے اپیل کی کہ غیر ملکی خریداروں کو پاکستان آمد کے لئے دئیے جانے والے مجوزہ پیکج کے حوالے سے جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے کیونکہ روایتی حریف بھارت کی جانب سے غیر ملکی خریداروں کو پیکج کی پیشکش کی جا چکی ہے ، بہت سے خریدار دونوں ممالک کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس لئے ہمیں بلا تاخیر پیکج کی پیشکش سے آگاہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ انتہائی اہمیت کی حامل نمائش ہو گی جس سے نہ صرف ہماری صنعت کو تقویت ملے گی بلکہ برآمدی سودے ہونے سے ملک کے لئے قیمتی زر مبادلہ بھی آئے گا ۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے کے لئے اعلیٰ معیار کے خوبصورت ڈیزائنوں پرمبنی مصنوعات کو ڈسپلے کیا جائے گا ۔ اجلاس میں نمائش کی تیاریوں کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کے سربراہان نے اپنی سر گرمیوں سے آگاہی دیتے ہوئے اجلاس کے شرکاء سے رہنمائی بھی حاصل کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ امریکہ ، یورپ، روس، اٹلی اور ترکیہ سمیت مختلف ممالک سے آنے والے غیر ملکی خریداروں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گی جن کامقصد تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا اور نئے رجحانات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے ۔