کراچی، گیمنگ زون میں ڈکیتی کی واردات، 60 افراد موبائل فونز اور نقدی سے محروم

مسلح ملزمان سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور کیمرے کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے،پولیس حکام

اتوار 27 جولائی 2025 14:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں واقع گیمنگ زون میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کی۔ذرائع کے مطابق چھ سے دس مسلح ڈاکوئوں نے گیمنگ زون میں موجود 60 سے زائد افراد کو یرغمال بناتے ہوئے موبائل فونز، نقدی چھین لی، جبکہ سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور کیمرے کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ملزمان واردات کے دوران بڑے اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کر رہے تھے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔سیکیورٹی گارڈکے مطابق کہ ملزمان نے مجھے گھسیٹ کر گیمنگ زون کے اندر لے جایا اور پھر موبائل فونز اور نقدی چھیننے کے بعد فرار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق واردات میں 6 سے 10 کے قریب مسلح ملزمان ملوث تھے، جنہوں نے گیمنگ زون میں موجود درجنوں نوجوانوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔

(جاری ہے)

واردات کے وقت زون میں 60 سے 70 کے درمیان افراد موجود تھے۔پولیس حکام نے کہا کہ ملزمان نے اس واردات میں کم از کم 13 افراد سے موبائل فونز چھینے اور پھر باآسانی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں میں واقعے کے بعد خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔