کشمیریوں کا حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

اتوار 27 جولائی 2025 14:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں لوگوں نے 5اگست 2019کو جب بھارت نے علاقے کی خصوصی حیثیت منسوخ کردی ،کشمیر کی حالیہ تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اسے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر سمیت وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں 5اگست 2019کو بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

پوسٹروں میں دفعہ370اور 35A کی منسوخی کو غیر آئینی قرار دیا گیا جس کا مقصد کشمیریوں سے ان کے حقوق، وسائل اور شناخت چھیننا ہے۔پوسٹروں میں اسے آمرانہ اقدام قراردیتے ہوئے کہاگیا کہ یہ اقدام کشمیری عوام یا ان کے منتخب نمائندوں کی رضامندی کے بغیر اٹھایا گیا۔

(جاری ہے)

پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف مکمل جنگ چھیڑ رکھی ہے لیکن کشمیری مزاحمت کے لیے پرعزم ہیں اور وہ کبھی بھی اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

پوسٹروں میں کہاگیاکہ خصوصی حیثیت کی منسوخی سے مقامی زمینوں ، ملازمتوں اور وسائل پر قبضے کے لیے بیرونی لوگوں کے لیے دروازے کھول دیے گئے تاکہ مقامی آبادی کو معاشی اور ثقافتی پسماندگی کی طرف سے دھکیلا جائے۔پوسٹروںمیں کہاگیا کہ دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔کشمیریوں نے پہلے دن سے ہی اس اقدام کو اپنے وقار اور آزادی پر حملہ قراردیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

کشمیری عوام دفعہ370اور 35Aکی بحالی کے لیے متحدہ جدوجہد کے لئے پرعزم ہیں۔پوسٹروں میں کہاگیا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔پوسٹروں میں بھارت کے نوآبادیاتی منصوبوںکے خلاف اتحاد اور مزاحمت پر زور د یتے ہوئے کہاگیا کہ کشمیریوں کے جائز حقوق کی بحالی تک انصاف اور آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے 5اگست کے اقدامات علاقے کی منفرد شناخت پر براہ راست حملہ اور جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جابرانہ پالیسیاں اور جارحانہ کارروائیاں کشمیری عوام کے عزم کو توڑ نہیں سکتیں۔ ایڈوکیٹ منہاس نے زور دے کر کہا کہ کشمیری قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 5اگست کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتال کریں ۔ انہوں نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے احتجاجی مظاہرے کرکے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کریں اور بین الاقوامی توجہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف مبذول کرائیں۔