اسرائیل منصوبے کے تحت فلسطین، لبنان، شام ،دیگر مسلم ممالک کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے ‘ ہشام الٰہی ظہیر

امت مسلمہ نے ہوش کر کے مشترکہ حکمتِ عملی نہ اپنائی تو ذلت، غلامی اور تباہی ان کا مقدر بن جائیگی‘ صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان

اتوار 27 جولائی 2025 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی مسلم ممالک پر یلغار اور شام پر وحشیانہ جارحیت کھلی درندگی اور بین الاقوامی قوانین کی بدترین خلاف ورزی ہے، اسرائیل ایک منصوبے کے تحت فلسطین، لبنان، شام اور دیگر مسلم ممالک کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے مگر مسلم حکمران خوابِ غفلت میں ہیں۔

اگر اب بھی امت مسلمہ نے ہوش نہ سنبھالا اور مشترکہ حکمتِ عملی نہ اپنائی تو ذلت، غلامی اور تباہی ان کا مقدر بن جائے گی۔گزشتہ روز جماعتی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین میں خوراک، ادویات، گرم کپڑوں کی شدید قلت ہے،حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں کو اہل فلسطین کی امداد کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردا رادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس وقت غزہ کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ صیہونی طاقتیں اور مغربی میڈیا اسرائیل کے ساتھ مل کر غزہ کے معصوم عوام کے خلاف منفی پرو پیگنڈے کا مرتکب ہوا ہے۔غزہ میں جاری نسل کشی اور عالمی میڈیا کا دہرا معیار وکردار افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا اسرائیل نے عالمی قوانین کی ہمیشہ خلاف ورزیاں کی ہیں۔ اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ میں صہیونی طاقتیں و مغربی میڈیا غزہ کی نسل کشی میں برابر کا شریک ہے۔

علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ایٹمی ملک ہے۔ دہشت گردی اب بھی ایک چیلنج ہے ،پاکستان دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے۔ بلو چستان میں قیام امن کے لئے افواج پاکستان اورسکیورٹی اداروں کی قربانیاں لازوال ہیں قوم دہشت گر دی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور ریاستی اداروں سمیت حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔