پاکستان کا جدید ترین ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کرنے کا اعلان

یہ تاریخی مشن خلائی ٹیکنالوجی کے حصول میں ایک اہم پیشرفت ہے جو زمین کے مشاہدے کی صلاحیتوں کو وسعت دے گا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جولائی 2025 16:00

پاکستان کا جدید ترین ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کرنے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2025ء ) پاکستان نے جدید ترین ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کرنے کا اعلان کردیا جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ سیلاب، زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے 31 جولائی 2025ء کو چین میں ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر (XSLC) سے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ (PRSS) کے لانچ کا اعلان کیا ہے، یہ تاریخی مشن پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی کے حصول میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے جو زمین کے مشاہدے کی صلاحیتوں کو وسعت دے گا۔

بتایا گیا ہے کہ جدید ترین امیجنگ سسٹمز سے لیس سیٹلائٹ زراعت اور شہری منصوبہ بندی سے لے کر ماحولیاتی نگرانی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ تک قومی ایپلی کیشنز کو سپورٹ کرے گا، اس کا کردار سیلاب، زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئر پگھلنے اور جنگلات کی کٹائی کے اثرات کی پیشگوئی اور تخفیف کرنے میں بھی اہم ہو گا جب کہ وسائل کے انتظام کے لیے باخبر فیصلوں کو قابل بھی بنائے گا، یہ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی پروگراموں جیسے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی اور جغرافیائی نقشہ سازی میں بھی مدد کرے گا۔