ڈی سی عمران علی کا ستھرا پنجاب پروگرام پر عمل درآمد کاجائزہ لینے کیلئے مصطفی آباد اور بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کا اچانک دورہ

کوئی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی پنجاب کی اولین ترجیح ہے‘عمران علی

اتوار 27 جولائی 2025 19:00

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عمران علی کا ستھرا پنجاب مہم پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کیلئے مصطفی آبادکا دورہ، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سلمون ایوب، اسسٹنٹ کمشنراسفند یار،ایل ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی، دیہی علاقوں میں کلیکشن پوائنٹس، سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کا معائنہ کرتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران کو بہتری کے لیے سخت ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح الفاظ میں ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب مہم میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز صفائی مہم کی سخت نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ دفتر ڈپٹی کمشنر کو ارسال کی جائے۔شہری و دیہی علاقوں میں نالیوں کی مکمل صفائی رکھنے اور نکاسی آب کے نظام کو مکمل فعال بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صاف، سرسبز اور صحت مند پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں تاکہ مستقل بہتری ممکن ہو سکے۔شہریوں کا تعاون بھی اس مہم کی کامیابی کے لیے نہایت اہم ہے۔

علاوہ ازیںڈپٹی کمشنر عمران علی نے بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کا اچانک دورہ کرکے ایمرجنسی، میڈیکل وارڈزمردانہ و زنانہ سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، فارمیسی میں ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور مریضوں و لواحقین سے مسائل دریافت کیے۔ صفائی کی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

ضلعی انتظامیہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔تمام ادارے دن رات محنت اور آپس میں کوارڈینیشن کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹرز و دیگر عملہ کی جانب سے غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صفائی ستھرائی، ادویات، پینے کا صاف پانی، ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیاجائے۔