وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا نلتر کے مقام پر ھدیتہ الھادی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب

اتوار 27 جولائی 2025 19:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نلتر کے مقام پر ھدیتہ الھادی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام ”ہم سب پاکستان ہیں“ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجودمیں آیا ہے، بحیثیت پاکستانی ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ گلگت بلتستان کی سطح پر بھی ہمیں اپنی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ایک قوم بننے کی ضرورت ہے،مسلکی اور علاقائی بنیادوں پر انتشار اور نفرت پھیلانا منفی عمل ہے۔

مستقل قیام امن ہم سب کی ذمہ داری اور ہمیں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی ضرور ت ہے،ہمیں اپنے روشن مستقبل کیلئے ہر قسم کی وابستگیوں سے بالا ہوکر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دو سال کی مختصر مدت میں ہم نے عوام کے بڑے مسائل بہتر انداز میں حل کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کو آئینی دھارے میں لانا یہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، اگر گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے میں مشکلات درپیش ہیں تو این ایف سی سے گلگت بلتستان کو حصہ دیا جائے تاکہ یہاں کے عوام کے مسائل حل کئے جاسکیں اور تعمیر و ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا جاسکے۔

ہماری وفاقی حکومت سے امید ہے کہ وہ اپنے اس دور حکومت میں گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبے اور ان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے این ایف سی سے حصہ دیں گے تاکہ یہاں کے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی۔