مودی حکومت کوجموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنا ہوگا، فاروق عبداللہ

اتوار 27 جولائی 2025 21:50

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اگرآئین کا احترام کرنا ہے تو جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کرنا ہوگا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ ایک بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹریو میں کہا کہ تقریبا ًچھ برس قبل 5اگست2019کو دفعہ 370منسوخ کرتے وقت کہا گیا تھا کہ عسکریت پسندی ختم ہو گی تو کیا اب عسکریت ختم ہو گئی ہے یا اس میں اضافہ ہوا ہے ، دہلی کو اسکا جواب پارلیمنٹ میں دینا چاہیے۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کو یونین ٹیریٹری بنا دیا گیا اور انہوں نے اس سے کیا حاصل کیا۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ حکومت نے ہم سے پارلیمنٹ میں وعدے کیے جبکہ سپریم کورٹ کے سامنے بھی وعدے کیے گئے کہ ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا لیکن وعدہ تاحال پورا نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

فاروق عبداللہ نے سیکورٹی اور انتظامی معاملات پر جموںوکشمیر کی حکومت کے کنٹرول کے فقدان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر مقامی حکومت سیکورٹی کی ذمہ دار ہوتی تو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کو روکا جا سکتا تھا۔

انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے پہلگام میں سیکورٹی کی ناکامی کا اعتراف کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا”مجھے خوشی ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے اپنی ناکامی تسلیم کر لی ہے ، انہیں مستعفی ہونے کی ہمت بھی کرنی چاہیے تھی۔فاروق عبداللہ نے پاکستان کے بارے میں ایک سوال کے جواب کہا کہ” پاکستان ہمت ہارنے والا نہیں ہے لیکن جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔