سارو گنگولی نے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی حمایت کر دی

پہلگام جیسا معاملہ نہیں ہونا چاہیے، کھیل جاری رہنا چاہیے، دہشت گردی نہیں ہونی چاہیے، اس کو لازمی روکنا چاہیے : سابق بھارتی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 28 جولائی 2025 11:42

سارو گنگولی نے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی حمایت کر دی
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جولائی 2025ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی حمایت کر دی۔ 
سارو گنگولی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام جیسا معاملہ نہیں ہونا چاہیے، کھیل جاری رہنا چاہیے، دہشت گردی نہیں ہونی چاہیے اس کو لازمی روکنا چاہیے۔ 
سابق کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشت گردی کے حوالے سے سخت مؤقف اپنایا ہے، کھیل کو تو ہونا چاہیے۔

 
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا میرے لیے ٹھیک ہے۔ 
خیال رہے کہ ہفتے کو ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔ پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان کو گروپ اے میں شامل کیاگیا ہے جبکہ بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ بی میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

 

ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 3 بار آمنے سامنے آسکتے ہیں۔

 
ایشیاء کپ 9 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہو گا جب کہ پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہوگا۔ 
شیڈول کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنے بورڈ اور حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ 
ورلڈ چیمپئنز لیگ کی طرح ایشیا کپ میں بھی پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنےکا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ سابق بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے کے فیصلے کو تنقیدکا نشانہ بنایا جارہا ہے۔