اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 28 جولائی 2025ء) *غزہ کی جنگ میں وقفہ : پہلے دن 120 ٹرکوں پر لدی امداد تقسیم
غزہ کی جنگ میں وقفہ : پہلے دن 120 ٹرکوں پر لدی امداد تقسیم
اسرائیل نے پیر کے روز کہا کہ غزہ کی جنگ میں جزوی توقف کے پہلے دن اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کی طرف سے غزہ پٹی میں 120 سے زائد ٹرکوں پر لدی امداد خوراک تقسیم کی گئی۔
اسرائیلی وزارت دفاع کی فلسطینی علاقوں میں شہری امور کی نگران ایجنسی کوگاٹ (COGAT) نے پیر 28 جولائی کے روز ایک بیان میں کہا، ’’ کُل 120 سے زائد ٹرکوں پر لدی امدادی اشیاء کو اقوام متحدہ اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں نے تقسیم کیا۔‘‘
قبل ازیں کل اتوار کے روز اسرائیل نے غزہ پٹی کے ایک حصے میں فوجی کارروائیوں میں ’’حکمت عملی‘‘ کے توقف کا اعلان اور امداد کی ترسیل کے لیے محفوظ راستے کھولنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔
(جاری ہے)
فلسطینی علاقوں میں شہری امور کی نگرانی کرنے والی اسرائیلی وزارت دفاع کی ایجنسی نے آج پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’ 120 سے زائد ٹرکوں پر موجود اشیائے خوراک اور امدادی سامان کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں نے وصول کیا اور انہیں غزہ پٹی میں تقسیم کر دیا گیا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب غزہ پٹی میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور لاکھوں فلسطینیوں کو خوراک، پانی اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی طرف سے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا گیا، جب اقوام متحدہ میں آج پیر ہی کے روز ایک تین روزہ بھی کانفرنس شروع ہو رہی ہے، جس کا مقصد اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان دو ریاستی حل کے لیے پیش رفت کی کوششیں ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل اس بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت نہیں کر رہے کیونکہ انہوں نے اس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔
ادارت: عاطف توقیر، مقبول ملک