چیئرمین اوگرا کی زیرصدارت پٹرولیم انڈسٹری کے اہم شراکت داروں کے ساتھ اجلاس، ملک گیر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال

پیر 28 جولائی 2025 18:54

چیئرمین اوگرا کی زیرصدارت پٹرولیم انڈسٹری کے اہم شراکت داروں کے ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی زیرصدارت پاکستان کی پٹرولیم انڈسٹری کے اہم شراکت داروں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک گیر "ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم" کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ سیشن اوگرا کے ڈیجیٹلائزیشن ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد سپلائی چین انڈسٹری میں شفافیت، حفاظت اور موثریت کو فروغ دینا ہے۔

پیر کوترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اوگرا کے چیئرمین مسرور خان کی زیرصدارت اجلاس میں ممبر آئل زین العابدین، ممبر فنانس شکیل احمد،ڈائریکٹر جنرل ایکسپلوزوز ، ڈائریکٹر جنرل آئل اور چیئرمین او سی اے سی سمیت 100 سے زائد شرکا نے شرکت کی جن میں پی ایس او، پارکو، اے پی ایل، اے آر ایل، این آر ایل اور دیگر معروف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین اوگرا نے پٹرولیم سپلائی چین کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو ناگزیر قرار دیا۔ ممبر آئل نے بتایا کہ یہ نظام ریفائنری سے ریٹیل آئوٹ لیٹس تک پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی نگرانی کرے گا جس میں ای آر پی، جی پی ایس اور مرکزی ڈیش بورڈز شامل ہیں۔اب تک 29 آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ای آر پی استعمال کر رہی ہیں اور تقریباً 15,000 آئل ٹینکرز جی پی ایس سے لیس ہیں جو اوگرا کی آئندہ مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کو موثر بنائیں گے۔ یہ اجلاس اوگرا کے شفاف، محفوظ اور بااعتماد پٹرولیم سپلائی نظام کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔