عوامی فلاحی منصوبوں میں فجر سائنٹیفک فاؤنڈیشن ہر وقت تیار ہے،ڈاکٹر ہارون فرنینڈو

پیر 28 جولائی 2025 18:56

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) فجر سائنٹیفک فاؤنڈیشن (یو ایس اے) کے ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر ہارون فرنینڈو نےمیر واعظ مولوی محمد فاروق میڈیکل کالج مظفرآباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عدنان معراج سے ملاقات کی اور ادارے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ ممتاز یورالوجسٹ ڈاکٹر نعیم احمد بٹ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر عدنان معراج نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمز ہسپتال مظفرآباد میں جدید سی ٹی اسکین مشین کی فوری تنصیب کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت مقامی عوام کو ان کے علاقے میں ہی فراہم کی جانی چاہیے تاکہ انہیں دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔اس مقصد کیلئے تقریباً 12 کروڑ روپے کی خطیر رقم درکار ہے جسے ڈاکٹرہارون فرنینڈو نے جلد از جلد فراہمی کی یقین دہانی کروائی.ڈاکٹر ہارون فرنینڈو نے ان کے مطالبے کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں فجر سائنٹیفک فاؤنڈیشن ہر وقت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

دورہ کے دوران ڈاکٹر ہارون نے طلباء سے بھی خطاب کیا اور انہیں تعلیم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل انہی باصلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے، جو جدید سائنسی تحقیق میں اپنا مقام پیدا کریں۔اس موقع پر ڈاکٹر ہارون فرنینڈو نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتِ آزاد کشمیر تعاون فراہم کرے تو فجر سائنٹیفک فاؤنڈیشن آزاد کشمیر میں ایک جدید یورالوجی و کڈنی ٹرانسپلانٹ ہسپتال قائم کرنا چاہتی ہے، جہاں عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ایسے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں، اور وہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔اس وقت تک ڈاکٹر ہارون فرنینڈو نے ایمز ہسپتال میں جدید طبی آلات کیلئے اپنی فاؤنڈیشن کی طرف سے 2 لاکھ ڈالرز تقریباً(6 کروڑ پاکستانی)بھی فراہم کر دئیے ہیں۔