پنجاب اسمبلی اجلاس ، اپوزیشن رکن خالد زبیرنثارنے حکومتی رکن حسان ریاض کو نشست پرجا کرمکا رسید کردیا

پیر 28 جولائی 2025 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن خالد زبیر نثار نے حکومتی رکن محمد حسان ریاض کو ان کی نشست پر جا کر مکہ رسید کر دیا ،حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے بروقت مداخلت کر کے بیچ بچائو کرا یا ۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی قائد حزب اختلاف معین قریشی اور قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی گفتگو کے دوران اپوزیشن رکن خالد زبیر نثار اپنی نشست سے اٹھ کر حکومتی نشستوں پر گئے اور محمد حسان ریاض پر حملہ کرکے انہیں مکا دے مارا، اس دوران حکومتی رکن نے بھی اپنا دفاع کیا اورخالد زبیر نثار کو مکا مارا تاہم اتنے میں حکومتی اور اپوزیشن بنچوں سے اراکین نے دونوں میں بیچ بچائو کرا دیا ۔

اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے سے شدید تلخ کلامی کی گئی ۔قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے معاملے کو حل کروانے کیلئے پنجاب اسمبلی کااجلاس پانچ منٹ کے لئے ملتوی کردیا۔بتایا گیا ہے کہ نا خوشگوار واقعہ ایک دوسرے پر آواز یںکسنے کی وجہ سے پیش آیا۔