لاہور پریس کلب کی جنرل کونسل اجلاس، اہم مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی

پیر 28 جولائی 2025 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) لاہور پریس کلب کی جنرل کونسل کا اجلاس صدر لاہور پریس کلب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی مدثر حسین، سید بدر سعید، سرمد فرخ خواجہ ، رانا شہزاد احمد، شاہدہ بٹ، محبوب احمد چوہدری، شاکر محمود اعوان ، اسد محموداور الفت حسین مغل نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز پر سیکرٹری زاہد عابد نے اجلاس کا ایجنڈا جنرل کونسل کے سامنے پیش کیا جس میں آئین میں ترامیم کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی تجاویز پر بحث ترجیحی ایجنڈے میں شامل تھی۔ آئینی ترامیمی کمیٹی کام کر رہی تھی ، کمیٹی کے سربراہ سابق سیکرٹری جناب شفیق اعوان ہیں جبکہ دیگر ممبران میں مبشر بخاری، ارسلان رفیق بھٹی، شاداب ریاض، راجہ ریاض، عابد تہامی، خواجہ نصیر، بابر ڈوگر، انوار ہاشمی اور شکیل سعیدشامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کی تشکیل میں اس امر کو یقینی بنایا گیا تھا کہ کلب کے متحرک سیاسی دھڑوں کی نمائندگی موجود ہو۔ اجلاس میں تمام مجوزہ آئینی ترامیم کو جنرل کونسل میں تفصیلی پڑھ کرپیش کیا گیاجنرل کونسل اجلاس میں آئینی کمیٹی کی اہم مجوزہ ترامیم جو گورننگ باڈی میں پیش کی گئیں تھیں ، جنرل کونسل اجلاس میں ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن کی متفقہ منظوری دے دی گئی۔

گورننگ باڈی میں خواتین کیلئے ایک نائب صدر کی نشست مخصوص کرنا شامل ہے جس کے تحت اس نائب صدر کی اضافی نشست پر صرف خواتین امیدوارہوں گی جبکہ ووٹ تمام اہل ممبران ڈال سکیں گے۔لاہور پریس کلب کے اقلیتی ممبران کیلئے گورننگ باڈی میں ایک نشست مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی جس سے گورننگ باڈی کی اس نشست پر صرف اقلیتی ممبران الیکشن لڑ سکیں گے۔

ان دو اضافی نشستوں کے بعد گورننگ باڈی کے مجموعی ممبران کی تعداد پندرہ سے بڑھ کر سترہ ہو جائے گی۔سیکرٹری کے عہدے کو جنرل سیکرٹری اور خزانچی یا ٹریڑر کو فنانس سیکرٹری کا نام دیا جائے گا۔ موسمی شدت کے باعث کلب کے سالانہ انتخابات 31 دسمبر کی بجائے 31 جنوری تک کرانے کی منظوری دے دی گئی۔ صدر پریس کلب کی غیر موجودگی میں سینئر نائب صدر قائم مقام صدر ہوں گے۔

فنانس سیکرٹری کی غیر موجودگی میں گورننگ باڈی نائب صدور میں سے کسی ایک کو فنانس سیکرٹری کے اختیارات دے سکے گی۔جنرل سیکرٹری کی غیر موجودگی میں جوائنٹ سیکرٹری ذمہ داری انجام دیں گے۔جنرل کونسل نے متفقہ طور پر سالانہ فیس ایک ہزار سے بڑھا کر پندرہ سو روپے کرنے کی منظوری دیدی۔ ایسے کونسل ممبران جو سرکاری ملازمت بھی کر رہے ہیں یا اداروں کے شعبہ تعلقات عامہ سے وابستہ ہیں انکی کونسل ممبرشپ کو ایسوسی ایٹ ممبر شپ میں تبدیل کر نے کی بھی منظوری دی گئی۔

جنرل کونسل اجلاس میں ممبران کی جانب سے چند نئی تجاویز بھی دیں جن پر مزید سوچ بچار کے لئے ان تجاویز کو آئینی کمیٹی کو بھیجنے کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں آئینی ترامیم کے علاوہ کلب اور کالونی معاملات پر بھی بات کی گئی۔ اجلاس میں صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ فیز ٹو کالونی کیلئے زمین کے فنڈز جلد ہی روڈا کو ٹرانسفر ہو جائیں گے جس کے بعد ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

ستمبر میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔اجلاس میں صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ ایف بلاک کیلئے جرنلسٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کی طر ف سے ایک سرکلر کلب کو بھیجا گیا ہے جس میں اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ ایف بلاک الاٹیز فوری طور پر اپنے واجبات فائونڈیشن کو جمع کرائیں۔ صدر ارشد انصاری نے اس ضرورت پر زور دیا کہ ایف بلاک الاٹیز اپنے واجبات جمع کرائیں تاکہ ایف بلاک معاملات میں تاخیر نہ ہو۔