Live Updates

عمران خان کے حکم پر محمود اچکزئی ہماری احتجاجی تحریک کے سربراہ ہیں، سلمان اکرم راجہ

ہمارے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر بھی تحریک تحفظ آئین پاکستان میں موجود ہیں ان کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے؛ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جولائی 2025 12:19

عمران خان کے حکم پر محمود اچکزئی ہماری احتجاجی تحریک کے سربراہ ہیں، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر محمود اچکزئی ہماری احتجاجی تحریک کے سربراہ ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا حکم ہے کہ ہماری تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے چلے گی اور محمود خان اچکزئی ہمارے اس احتجاجی تحریک کے سربراہ ہیں، ہمارے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر بھی تحریک تحفظ آئین پاکستان میں موجود ہیں ان کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔

سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ اگر ہمارے ممبران اسمبلی کو نااہل کر دیا جاتا ہے تو اس اسمبلی کی کیا اہمیت ہے 9 فروری کو جب نتائج بدلے گئے تو پارلیمنٹ تب ہی وقعت کھو چکی تھی، اب اعجاز چوہدری، احمد چٹھہ اور احمد بچھر کی نااہلیوں کا فیصلہ غیر قانونی ہے کیوں کہ بہت سارے مراحل تھے جن سے گزرنے کے بعد نااہلی کا فیصلہ ہونا تھا لیکن بغیر نوٹس کیے یکطرفہ نااہلی کا فیصلہ غلط ہے، ضمنی انتخاب سے اگر ایک دن پہلے بھی ہمارے ممبران کی درخواستوں پر ریلیف مل گیا تو ضمنی انتخاب رک جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 5 اگست کے احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کیلئے 31 جولائی کو اہم مشاورتی اجلاس پشاور بھی طلب کیا ہے، اجلاس پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے طلب کیا ہے، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر قائدین شرکت کریں گے، اجلاس میں احتجاج کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے متعدد رہنماء دوبارہ اسلام آباد کی جانب مارچ کے حق میں نہیں ہیں، تاہم احتجاج کے امور کو جلد فائنل کیا جائے گا اور 31 جولائی کو طلب کئے گئے اجلاس میں تمام معاملات کو حتمی شکل دی جائے گا، اجلاس میں اس بات کا بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ احتجاج اسلام آباد کی جانب مارچ کی صورت میں کیا جائے یا صوبائی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے، پارٹی کے پاس احتجاج کے اور کتنے آپشنز موجود ہیں اجلاس میں اس پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات