نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کے مشیر محمد توحید حسین سے ملاقات

پیر 28 جولائی 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کے مشیر، محمد توحید حسین نے ملاقات کی اوراسرائیلی جارحیت اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی منصفانہ جہدوجہد کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے تحت "دو ریاستی حل" پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کے مشیر محمد توحید حسین کے ساتھ ملاقات ہوئی۔

یہ ملاقات اکتوبر 2024 کے بعد دونوں رہنمائوں کی چوتھی ملاقات تھی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعاون کو مزید گہرا کرنے، رابطوں کے فروغ اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطحی دوروں کا بھی اعلان کیا۔ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے، دونوں رہنمائوں نے اسرائیلی جارحیت اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے منصفانہ جہدوجہد کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کانفرنس کے مثبت نتائج کی توقع ظاہر کی۔