اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دو ریاستی حل کا کوئی متبادل نہیں، فرانس

منگل 29 جولائی 2025 11:56

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان صرف دو ریاستی حل ہی پائیدار امن کا راستہ ہے اور اس کا کوئی متبادل نہیں۔یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، یہ کانفرنس فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں تین روزہ اجلاس کی صورت میں شروع ہوئی۔

فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دو ریاستی سیاسی حل ہی اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کی امن اور سلامتی کی جائز خواہشات کا جواب دے سکتا ہے، یہ خام خیالی ہے کہ جنگ کے بعد غزہ کے مستقبل اور سیاسی افق کے تعین کے بغیر جنگ بندی ممکن ہو سکے گی۔کانفرنس کے آغاز میں فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ نے عالمی برادری سے فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے حمایت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے فلسطین کی ریاست کوتسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اے ایف پی کے اعدادوشمار کے مطابق اقوام متحدہ کے 193 میں سے 142 رکن ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں۔یاد رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کانفرنس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے۔لکسمبرگ نے بھی عندیہ دیا کہ وہ فرانس کی پیروی کرے گا۔\932