شہر اقتدار کے اہم ترین حلقہ 3 میں سیاسی موسم گرم ہو گیا

آزاد امیدواران سمیت مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے۔ توڑ جوڑ کی سیاست عروج پر پہنچ گئی

منگل 29 جولائی 2025 17:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء) شہر اقتدار کے اہم ترین حلقہ 3 میں سیاسی موسم گرم ہو گیا۔ آزاد امیدواران سمیت مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے۔ توڑ جوڑ کی سیاست عروج پر پہنچ گئی، ہار ڈالنے اور نکالنے کے سلسلوں نے ماحول کو مخدوش بنا دیا۔ انتظامیہ اور محکمہ پولیس سمیت دیگر اداروں کی خاموشی نے شہریوں کو خوفزدہ کر کے رکھ دیا ہے، جبکہ سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد بڑھ چڑھ کر سیاسی مہم چلانے لگی۔

مسلم لیگ ن سب پر بازی لے گئی۔ گزشتہ دنوں شہر کے اہم ترین حلقہ طارق آباد میں ایک خاندان نے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا واضح اعلان کیا تو کچھ ہی گھنٹوں کے بعد سوشل میڈیا پر ایک سرکاری ملازم کی جانب سے ویڈیو بیان وائرل کیا گیا جس میں اس شخص نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت سے انکار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کا کارکن اپنے اپ کو ظاہر کیا حالانکہ شمولیت سے قبل اس شخص کا واضح ویڈیو بیان تھا کہ اس پر کسی بھی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے، مگر کچھ ہی گھنٹوں کے بعد اس کے بیان میں تبدیلی نے لوگوں کو ششدر کر کے رکھ چھوڑا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے عہدہ داران و کارکنان نے دھونس، دھاندلی، بدمعاشی اور دیگر ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے ایسے غریب لوگوں کو ڈرانا، دھمکانا شروع کر رکھا ہے جو آئے روز پاکستان پیپلز پارٹی سمیت کسی دوسری جماعت میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔ عوام الناس نے متعلقہ اداروں سے استدعا کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر سرکاری ملازمین کی جانب سے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم چلانے والے عناصر کی سرکوبی کے علاوہ ایسے تمام عہدہ داران جو انتظامی پوسٹوں پر براجمان ہیں کی جانب سے غریب لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کا نوٹس لیں۔