راولپنڈی، جرگے کے فیصلے پر شادی شدہ خاتون کا قتل کیس، مقتولہ کے دوسرے شوہر کے والد اور ماموں گرفتار

گرفتار 6 ملزمان عدالت میں پیش،عدالت نے ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دیدیا، عدالت کا ملزمان کو یکم اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 29 جولائی 2025 14:52

راولپنڈی، جرگے کے فیصلے پر شادی شدہ خاتون کا قتل کیس، مقتولہ کے دوسرے ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جولائی 2025) راولپنڈی میں جرگے کے فیصلے پر شادی شدہ خاتون کے قتل کیس کی تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتولہ سدرہ کے دوسرے شوہر کے والد اور ماموں کوگرفتارکرلیا، واقعہ میں ملو ث گرفتار ملزمان کی تعداد 11ہوگئی، پولیس نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا، دوسری جانب جرگے کے فیصلے پر شادی شدہ خاتون کے قتل کیس میں گرفتار 6 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

ملزمان کو سول جج قمر عباس تارڑ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔پولیس نے عدالت سے ملزمان کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے آلہ قتل برآمد کرنا ہے لہٰذا ان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دیدیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمان کو یکم اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی جرگے کے حکم پر شادی شدہ خاتون کو قتل کرنے کے کیس میں عدالتی حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی کی گئی تھی۔ لڑکی کی قبرکشائی کے بعد پوسٹمارٹم مکمل کرلیا گیا تھا۔معائنہ کے بعد لڑکی کی دوبارہ تدفین کر دی گئی،عدالتی حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں چھتی قبرستان پیرودھائی میں قبر کشائی کی گئی تھی۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔پولیس قبر کشائی کے سلسلے میں گرفتار ملزمان کو قبرستان لے کر آئی جن سے مقتولہ کی قبر کی نشاندہی کرا کر قبر کشائی کی گئی تھی۔ فارنزک ٹیم کی جانب سے مقتولہ کی لاش کے نمونے بھی حاصل کئے گئے تھے۔ہولی فیملی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر مصباح کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم موقع پر موجود رہی تھی۔ عدالتی مجسٹریٹ کے معائنے کے بعد ٹی ایم اے کے عملے نے قبر کھودنے کا عمل شروع کیاتھا۔

اس موقع پر 2 ملزمان، گورکن راشد اور قبرستان کمیٹی کے سیکرٹری سیف الرحمٰن کو بھی نشاندہی کیلئے لایا گیا تھا۔قبر کشائی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ایلیٹ فورس اہلکار قبرستان میں تعینات رہے جبکہ قبر کے اردگرد قناتیں اور شامیانے لگائے گئے تھے۔مقتولہ سدرہ عرب گل کی قبر کشائی کا عمل دو گھنٹے جاری رہاتھا۔ پولیس افسرانز ڈاکٹرز ٹیم اور علاقہ مجسٹریٹ بھی موقع پر موجود تھے۔بعد ازاں مقتولہ کے سیمپل فارنزک ٹیسٹ کیلئے لیب بھیجے گئے۔ڈاکٹرز کی ٹیم نے مقتولہ کی ڈیڈ باڈی کے نمونے حاصل کئے اور علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں لاش کے پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل کیا گیا تھا۔