Live Updates

کوئی خیبرپختون خوا حکومت گراکر دکھائے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا چیلنج

منگل 29 جولائی 2025 19:59

کوئی خیبرپختون خوا حکومت گراکر دکھائے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ..
پشاور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی خیبرپختون خوا حکومت گراکر دکھائے، 5 اگست کو صوبے میں احتجاجی مظاہرے کو لیڈ کروں گا۔ڈسٹرکٹ کورٹس میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاکہ 5 اگست کو ہر ضلع اور ہر حلقے سے عوام سڑکوں سے نکلیں گے، گرفتاریوں اور پیشیوں سے گھبرانے والے نہیں، احتجاجی مظاہرے کو خود لیڈ کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ اس ملک میں قانون حرکت میں نہیں ہے، ملک کے موجودہ حالات کی جنگ عمران خان لڑرہے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ جھوٹے اور من گھڑت کیسز بہت پہلے سے چل رہے تھے، ہم ہمیشہ سے اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کرتے ہیں، ہم اس طرح کی پیشیوں سے گھبرانے والے نہیں۔

(جاری ہے)

میرے خلاف یہ کیس 2016 سے چل رہا ہے، اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، مجھ پر اسلحہ اور بوتلیں ڈالی گئی ہیں۔

قبل ازیں، وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے اسلحہ اور شراب برامدگی کیس میں اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں سرنڈر کر دیا۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے شوکاز نوٹس واپس لے لیا، عدالت نے وکیل کی 342 کے بیان کے لیے سوال نامہ فراہم کرنے کی استدعا بھی منظور کرلی۔دوران سماعت علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے عدالت کو بتایا ہم اپنا 342 کا بیان ریکارڈ نہیں کروائیں گے، عدالت پہلے بریت کی درخواستوں پر دلائل سن لے، اس حوالے سے عدالتی فیصلے بھی موجود ہیں۔

عدالت نے وکیل کی استدعا پر بریت کی درخواست پر دلائل شروع کرنے کا کہا تو وکیل صفائی نے کہا میں دلائل نہیں دے سکتا، مجھے کم سے کم 5 گھنٹے درکار ہیں اور تیاری کے لیے بھی 5 دن کا وقت درکار ہے۔عدالت نے کہا کہ آپ دلائل کا آغاز کریں، ہمارے پاس 5 گھنٹے ہیں، وکیل نے کہا کہ عدالت ہمیں 342 کا سوال نامہ فراہم کر دے ہم سوال نامے کے جوابات کے ساتھ بریت کی درخواست پر دلائل بھی اکٹھے دے دیں گے، عدالت نے ریمارکس دیے 3 بجے اپ کو سوال نامہ فراہم کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے عدالت کو بتایا کہ 21 تاریخ کو سینٹ الیکشن کے باعث پیش نہیں ہوسکا، میں وزیراعلی کے ساتھ ووٹر بھی ہوں، میری موجودگی وہاں ضروری تھی۔عدالت نے کہا کہ ہم نے تو اپ کو آپشن دیا تھا، آپ ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیتے، علی امین گنڈا پور نے جواب دیا میں آن لائن آگیا تھا لیکن انٹرنیٹ میں تکنیکی خرابی تھی جس کے باعث بیان ریکارڈ نہیں کروا سکا۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کو سرینڈر کے بعد جانے کی اجازت دے دی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کر دیے گئے جبکہ کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا گیا۔بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ و شراب برآمدگی کیس کی سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل حکمنامہ جاری کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے عدالتی حکم نامے میں علی امین گنڈاپور کی مسلسل غیر حاضری پر کئی بار جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری اور شوکاز نوٹس منسوخ کرتے ہوئے نرمی کا مظاہرہ کیا۔عدالت نے تسلیم کیا کہ ملزم سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، تاہم انہیں آئندہ سماعتوں میں مسلسل حاضری کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کو ذاتی حیثیت میں 31 جولائی کو طلب کر لیا ہے جہاں ان کی بریت کی درخواست پر وکیل صفائی دلائل دیں گے، جبکہ سوال نامہ دوبارہ فراہم کرنے کی درخواست بھی منظور کر لی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات