Live Updates

سیلابی موسم میں مستند معلومات کے لیے ٹک ٹاک کا نیا سرچ فیچر پاکستان میں متعارف

منگل 29 جولائی 2025 20:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)مون سون کے دوران سیلابی صورتحال اور افواہوں کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ٹک ٹاک نے پاکستان میں ایک نیا سرچ فیچر متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو مصدقہ اور بروقت معلومات تک رسائی فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ٹک ٹاک نے پاکستان میں جاری مون سون کے سیلابی موسم کے دوران صارفین کو مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لیے ایک نئی سرچ گائیڈ متعارف کرائی ہے۔

یہ اقدام پلیٹ فارم پر تحفظ اور حقائق پر مبنی آگاہی کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات سے متعلق پھیلنے والی غلط معلومات کے رجحانات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ہے۔اب جب صارفین ٹک ٹاک پر سیلاب سے متعلق معلومات تلاش کریں گے تو انہیں ایک نمایاں بینر دکھائی دے گا، جو معتبر ذرائع سے معلومات کی تصدیق کی ترغیب دے گا۔

(جاری ہے)

یہ گائیڈ براہِ راست صارفین کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) تک رسائی فراہم کرتی ہے، جہاں سے پاکستان میں قدرتی آفات سے متعلق مصدقہ اور تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔علاوہ ازیں، اس گائیڈ میں ٹک ٹاک کے سیفٹی سینٹر پر دستیاب وسائل اور ٹریجک ایونٹ سپورٹ گائیڈ کے لنکس بھی شامل کیے گئے ہیں، جو مشکل حالات سے دوچار افراد کے لیے عملی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

یہ گائیڈ واضح کرتی ہے کہ سانحہ کن اقسام کے واقعات کو کہا جاتا ہے، جن میں قدرتی آفات سے لے کر ذاتی نقصان تک کے معاملات شامل ہیں۔گائیڈ کے ذریعے سے صارفین کو ذہنی صحت سے متعلق معاونت کے حصول اور ایسے نازک موضوعات سے متعلق مواد کو ذمہ داری کے ساتھ شیئر یا رپورٹ کرنے کے اصول بھی فراہم کیے گئے ہیں۔پاکستان میں ٹک ٹاک کے پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کے سربراہ فہد محمد خان نیازی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بحران کے وقت بروقت اور درست معلومات تک رسائی نہایت اہم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آفات سے نمٹنے والے اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اور معتبر وسائل کو زیادہ نمایاں بنا کر ہم صارفین کو باخبر فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں، تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔یہ گائیڈ ٹک ٹاک کے ان وسیع تر مقاصد کا حصہ ہے جن میں معتبر معلومات کا فروغ اور ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل شامل ہے،ان ٹولز کو براہِ راست صارف کے تجربے کا حصہ بنا کر، ٹک ٹاک اپنی کمیونٹی کو بامعنی معاونت اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے۔

یہ پلیٹ فارم ایسے ماحول کی تشکیل کے لیے پٴْرعزم ہے جہاں لوگ باخبر رہیں، اپنی فلاح و بہبود کا خیال رکھیں اور اہم لمحات میں ذمہ داری سے مشغول ہو سکیں۔مزید معلومات کے لیے ٹک ٹاک کے سیفٹی سینٹر www.tiktok.com/safety پر وزٹ کیجیے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات