وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پانچ روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ، پاکستانی سیارہ کی خلاء میں لانچنگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے

منگل 29 جولائی 2025 22:59

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پانچ روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال منگل کو پانچ روزہ اہم سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے۔ دورے کے دوران وہ پاکستانی سیارہ کی خلاء میں لانچنگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران پروفیسر احسن اقبال چین کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے، تجارتی و سرمایہ کاری تعاون، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور خلائی تعاون جیسے اہم موضوعات پر گفت و شنید ہوگی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وزیر اعظم پاکستان کے متوقع دورہ چین اور سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

چین روانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں پروفیسر احسن اقبال نے کہاکہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور چین کا باہمی تعاون مزید وسعت اختیار کر رہا ہے، پاکستان چین کے ترقیاتی ماڈل سے استفادہ کے لیے پر امید اور سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا عملی مظہر ہے اور پاکستان اس کے دوسرے مرحلے میں انڈسٹریل زونز کے قیام، زرعی ترقی اور ہائی ٹیک تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔یہ دورہ پاک چین شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، خصوصاً ایسے وقت میں جب دونوں ممالک خطے میں ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کی جانب گامزن ہیں۔