Live Updates

کوہاٹ ،موسلادھار ،طوفانی بارش نے تباہی مچادی ،کئی گھروں کی دیواریں منہدم ،درخت جڑ سے اکھڑگئے ،بجلی ٹاؤر زمین بوس

بدھ 30 جولائی 2025 03:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)کوہاٹ ڈویژن کے کئی علاقوں میں موسلادھار اور طوفانی بارش نے تباہی مچادی جہاں کئی گھروں کی دیواریں منہدم اورتناور درخت جڑ سے اکھڑگئے جبکہ بجلی کے بڑے بڑے ٹاؤر زمین بوس ہوگئے جس کی وجہ سے داؤد خیل سے کوہاٹ بجلی کی ترسیل متاثرہونے کا خدشہ ہے۔پیر کی شام ہونے والی طوفانی بارش کے باعث کوہاٹ کے نواحی علاقہ سورگل میں ایک گھر کی دیواریںگرگئیں تاہم گھر والے محفوظ رہے۔

کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے دورافتادہ علاقہ شکردرہ میں بارش اور ہواؤں کے باعث متعدد گھروں کے سولر پلانٹس کو شدید نقصان پہنچا۔کئی درخت اکھڑ گئے اوربجلی کے بڑے بڑے ٹاؤر زمین بوس ہوگئے۔پیسکو حکام نے عوام کو بجلی کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ دوسری لائن میں خرابی کی وجہ سے داؤدخیل سے کوہاٹ بجلی کی ترسیل متاثر نہ ہو ۔

(جاری ہے)

کرک سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں آنے والی طوفانی بارش نے بڑے بڑے تناور درختوں کوجڑسے اکھاڑ پھینکا ۔

ایک درخت موٹرکار پر آگرا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا البتہ درختوں کے گرنے سے کئی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ اطلاعات ملنے پر ریسکیو1122 اہلکاروں نے کارروائی کرکے درختوں کو ہٹاکر ٹریفک بحال کردی۔ہنگو کے نواحی علاقہ کوٹکی بالا میں بھی درختوں اور دیواروں کے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں جہاں سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے پہنچ کر علاقہ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات