ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

بدھ 30 جولائی 2025 15:13

ہانگ کانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں بدھ کو ملا جلا رجحان دیکھا گیا جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں نے چین اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر گہری نظر رکھی جو تجارتی جنگ کو روکنے کے لیے مزید بات چیت پر آمادہ ہو گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کمپنیاں جیسے میٹا اور مائیکروسافٹ کی مالی رپورٹس اور فیڈرل ریزرو کے اہم اجلاس پر بھی توجہ مرکوز ہے۔

امریکا اور چین کے درمیان اسٹاک ہوم میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات کسی واضح حل کے بغیر ختم ہوئے، تاہم امریکی وفد نے امید ظاہر کی کہ ایک اور 90 دن کی مہلت کا اعلان ممکن ہے۔ مذاکرات کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں، لیکن امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے کہا کہ کسی بھی فیصلے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رائے حتمی ہو گی جبکہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے مذاکرات کے ماحول کو انتہائی تعمیری قرار دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ٹیکنالوجی کمپنیوں میں میٹا اور مائیکروسافٹ آج اپنی مالی رپورٹس جاری کریں گے جبکہ ایمازون اور ایپل جمعرات کو اپنے نتائج پیش کریں گی۔ ماہرین کے مطابق اب تک امریکی مالی رپورٹنگ سیزن کافی مضبوط رہا ہے لیکن ان بڑی کمپنیوں کو اپنی کارکردگی سے توقعات سے بڑھ کر نتائج دکھانے ہوں گے کیونکہ سرمایہ کاروں کی توقعات بہت بلند ہو چکی ہیں۔

ان رپورٹس کے ساتھ ساتھ کمپنیوں کی آئندہ کی پیش گوئیاں بھی توجہ کا مرکز ہوں گی۔ٹوکیو سٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کے دوران نکئی 225 انڈیکس 40,682.14 پوائنٹس پر برقرار رہا جبکہ ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج میں ہینگ سینگ انڈیکس 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 25,409.75 پورائنٹس کی سطح پر آ گیا تاہم شنگھائی سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی اور کمپوزٹ انڈیکس 0.4 فیصد اضافہ سے 3,624.08 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 0.1 فیصد اضافہ سے69.25 ڈالر فی بیرل ہو گئی جبکہ برینٹ نارتھ سی کروڈ کے سودے 0.2 فیصد اضافہ سے 72.68 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔