شہید بینظیرآباد میں خواتین کی ووٹر رجسٹریشن اور شناختی کارڈز کے اجرا بارے اجلاس

بدھ 30 جولائی 2025 17:25

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حسان ظفر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف مجیدانو کی زیر صدرات خواتین کی ووٹوں کی رجسٹریشن اور شناختی کارڈ سے محروم خواتین کی سہولت کے لیے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس شہید بینظیرآباد کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواتین کی ووٹر رجسٹریشن اور نادرا کے تعاون سے شناختی کارڈز کا اجرا ایک بروقت اور اہم قدم ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ یونین کونسل سطح پر نمائندوں کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ شناختی کارڈ اور ووٹ کے عمل سے محروم خواتین کی نشاندہی ممکن بنائی جا سکے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف مجیدانو نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کی آبادی زیادہ ہے، تاہم ان کے ووٹ کم رجسٹرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

اس فرق کو کم کرنے کے لیے نادرا کی مدد سے پسماندہ علاقوں میں خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے 11 اگست تک اقلیتی برادری کے ووٹوں کی رجسٹریشن کی خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی، جبکہ چار یونین کونسلز میں نادرا کی موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے شناختی کارڈز کا اجرا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع بھر میں 76 ہزار سے زائد خواتین ووٹ رجسٹریشن اور شناختی کارڈز سے محروم ہیں، جسے دور کرنے کے لیے تمام محکموں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

نادرا زونل انچارج رفیق احمد بلر نے بتایا کہ شناختی کارڈ یا ب فارم کے اجرا کے لیے نکاح نامہ یا پیدائشی سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، اور تمام تعلقہ مراکز فعال ہیں۔ موبائل وین کے ذریعے بھی خدمات جاری ہیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد سلیم بھٹی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد صابر، پرنسپل گرلز کالج لالا رخ بلوچ، ریاض شر، آصف خٹک، شہناز لاکھو، اسد میمن، عابد لاشاری، سارا عابد، فرحانہ ناز، فرحانہ ارم سمیت دیگر کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔