بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی ہے،بھارتی اقدامات خطے کا امن تباہ کر سکتے ہیں ، عطاء اللہ تارڑ

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کو بیرونی پشت پناہی حاصل ہے،مودی پر جنگی جنون سوار ہے،بھارت خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کا تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 31 جولائی 2025 12:44

بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی ہے،بھارتی اقدامات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی 2025)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی ہے،مودی پر جنگی جنون سوار ہے، بھارتی اقدامات خطے کا امن تباہ کر سکتے ہیں، بھارت خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، اسلام آباد میں آئی آر ایس کے زیر اہتمام جنوبی ایشیا میں قیام امن سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کو بیرونی پشت پناہی حاصل ہے۔

پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔بھارت میں ہندوتوا نظریہ امن کیلئے بڑا خطرہ ہے۔خطے میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ملوث تھا۔ پہلگام واقعے میں ہمارا مؤقف یہی تھا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔

(جاری ہے)

کوئی ایسا ملک بتائیں جس نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 90ہزار جانیں گنوائی ہوں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔

جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کو ایک مختلف نظرئیے سے دیکھنا ہوگا، بھارت خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ پانی ہماری بقا ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی ناقابل قبول ہے۔ وزیراعظم نے کاکول میں خطاب میں پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیش کش بھی کی لیکن بھارت پر جنگی جنون سوار تھا۔

مودی اپنے ملک میں کبھی اتنا سیاسی طور پر کمزور نہیں تھا جتنا آج ہے۔ ہم نے پہلگام واقعے کے بعد صحافیوں کو وہ جگہیں دکھائیں جن کے بارے میں بھارت الزام لگاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پہلگام واقعہ کا ہم پر بے بنیاد الزام عائد کیاگیا۔ ہم نے دنیا سے کہا کہ پہلگام واقعہ پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔

ہم نے سفارتی سطح پر دنیا کے سامنے اپنا بیانیہ پیش کیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امن کے خواہاں ہونے کے ساتھ ہم نے یہ یقینی بنایا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا تھا۔ ایک بین الاقوامی معاہدے کو ایک ملک یکطرفہ طور پر کیسے ختم کرسکتا ہے؟۔ان کاکہناتھاکہ ہم آج بھی امن کے خواہاں ہیں، کشمیر سمیت تمام معاملات کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ کشمیر ایک حل طلب تنازع ہے۔ پاکستان نے دنیا میں یہ ثابت کیا ہے کہ ہم پرامن ملک ہیں۔ اللہ اس خطے میں امن کو قائم رکھے۔