فیض آباد احتجاج کیس،علی امین گنڈاپور کا اشتہاری کا سٹیٹس برقرار،گرفتا ر کرکے پیش کرنے کا حکم

جج طاہر عباس سپرا نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس وارنٹ گرفتاری پر عمل کرے اور اگر پشاور ہائیکورٹ کا کوئی حکم ہے اس پر عمل کیا جائے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 31 جولائی 2025 12:58

فیض آباد احتجاج کیس،علی امین گنڈاپور کا اشتہاری کا سٹیٹس برقرار،گرفتا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی 2025)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کا فیض آباد احتجاج کیس میں ملزم علی امین گنڈاپور (وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ) کا اشتہاری کا سٹیٹس ختم کرنے سے انکار،عدالت کا اسلام آباد پولیس کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا حکم دے دیا،جج طاہر عباس سپرا نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس وارنٹ گرفتاری پر عمل کرے اور اگر پشاور ہائیکورٹ کا کوئی حکم ہے اس پر عمل کیا جائے۔

عدالت نے قرار دیا کہ علی امین گنڈا پور کی عدم پیشی پر ان کی گرفتاری کے احکامات جاری رہیں گے جب کہ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے وکلا کی استدعا پر سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔ تھانہ انڈسٹریل ایریا میں علی امین گنڈا پور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

ملزمان پر بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے بعد اسلام آباد میں احتجاج کرنے کا الزام ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے تھے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈا پور کے خلاف وارنٹ گرفتاری اس وقت جاری کئے تھے جب وہ عدالت کی جانب سے دی گئی آخری مہلت کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے تھے۔ عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے متعدد بار گنڈا پور کو طلب کیا تھا تاہم مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری کا حکم جاری کیاتھا۔