غزہ میں انسانیت دم توڑ چکی ہے، مسلم حکمران خوابِ غفلت میں ہیں،مفتی اکرام اللہ واحدی

بدھ 30 جولائی 2025 20:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کے ناظم الامتحانات مفتی اکرام اللہ واحدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج غزہ میں انسانیت شرمندہ ہے، اور عالمی ضمیر مردہ ہوچکا ہے۔ غزہ کے نہتے مسلمان دنیا کے مظلوم ترین انسان بن چکے ہیں۔ ہزاروں بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کا بہیمانہ قتل کسی انسانی معاشرے کا نہیں بلکہ درندہ صفت قوتوں کا عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ میں خوراک اور پانی کا بدترین بحران ہے، اور ظلم کی انتہا یہ ہے کہ امدادی سامان کی تقسیم کے بہانے موت بانٹی جا رہی ہے۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ امدادی اشیا میں زہریلی اجناس شامل کی گئی ہیں تاکہ بچ جانے والے بھی نہ بچ سکیں۔ یہ کھلی نسل کشی ہے جس پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔مفتی واحدی نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ مسلمان ملکوں کی افواج، وسائل اور قیادت صرف تقریری مذمت تک محدود ہوچکی ہے۔انہوں نے او آئی سی، عرب لیگ اور تمام مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ خوابِ غفلت سے جاگیں، فلسطینی عوام کی عملی مدد کریں، اور اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے متحد ہوکر فوری اقدام کریں۔