شہید بینظیرآباد میں نیشنل ایکشن پلان و اپیکس کمیٹی سے متعلق ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

بدھ 30 جولائی 2025 21:59

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان اور اپیکس کمیٹی سے متعلق ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان اور اپیکس کمیٹی کے تحت کی جانے والی کارروائیوں اور اقدامات کی تفصیلی رپورٹس فوری طور پر پیش کی جائیں تاکہ انہیں صوبائی سطح پر ارسال کیا جا سکے۔

انہوں نے پولیس، کسٹمز اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع میں غیر قانونی ایل پی جی، پیٹرول پمپس اور دیگر یونٹس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عاشورہ اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر مجالس اور جلوسوں کے لیے سکیورٹی، میڈیکل کیمپس اور دیگر لازمی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ایکسئین داد ڈویژن کو دریائے سندھ کے پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی اور بندوں کی مضبوطی کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کو متحرک کرنے، جشن آزادی کے موقع پر سرکاری دفاتر اور گاڑیوں پر قومی پرچم لگانے اور دفاتر کی عمارتوں کو روشن کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ یوم آزادی قومی فریضے کے طور پر بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا اور تمام ادارے یکم تا 14 اگست اپنے دفاتر میں تقریبات کا انعقاد یقینی بنائیں۔ اجلاس میں میئر قاضی رشید بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حسان ظفر، ڈی ایچ او ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مرتضیٰ گوہر، ایم ایس یار علی جمالی، اور دیگر محکموں کے افسران بشمول پولیس، ریسکیو، آئی ایس آئی، آئی بی، تعلیم، صحت، آبادی، پبلک ہیلتھ اور تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔